مسائل حل نہ ہوئے تو شاہراہیں بلاک اور پہیہ جام کرینگے‘ ٹرانسپورٹرز

May 01, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان کوچز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر حاجی میر حکمت لہڑی ، حاجی ملک شاہ جمالدینی ، چیئرمین عبداللہ کرد ، محمود بادینی ، سعید جان لہڑی ، حاجی علی نواز لہڑی ، حاجی حبیب اللہ بادیزئی اور سردار مجیب جمالدینی نے کہا ہے کہ12 روز سے ٹرانسپورٹر سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی ، اگر مسائل حل نہ کئے گئے تو قومی شاہراہوں پر کوچز کھڑی کرکے احتجاج اور ایک دو روز میں کسی بھی وقت کوچز کھڑی کرکے قومی شاہراہوں پر پہیہ جام کریں گے جس کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔یہ بات انہوں نے سریاب روڈ پر قائم احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ نوشکی واقعہ کے بعد ٹرانسپورٹرز کو تنگ کیاجارہا ہے ، ہم بھی پاکستان کے تمام شہریوں کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن شہریوں کی حفاظت کوچ مالکان نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے ہم ٹیکس دے رہے ہیں لیکن حکومت اس کی مد میں کچھ بھی سہولت فراہم نہیں کررہی ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو سخت ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کوئٹہ ، تفتان اور کوئٹہ مکران روٹس پر شام 5 سے صبح 6 بجے تک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ،تفتان سے کوئٹہ گھریلو اشیاء لانے پر بھی ٹرانسپورٹروں کو تنگ کیا جاتا ہے، گزشتہ 12 روز سے ٹرانسپورٹر سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں اگر مسائل حل نہ ہوئے تو قومی شاہراہیں بلاک اور پہیہ جام ہڑتال کریں گے ۔