ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میں ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کیا جائے، عبدالکریم کی ہدایت

May 03, 2024

پشاور (جنگ نیوز )وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم اور صنعت و حرفت عبدالکریم تورڈھیر نے خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میں ڈیجیٹائزیشن کے امور کو تیز کرنے،مالی خود انحصاری کیلئے عملی اقدامات اٹھانے اور سکلڈ ڈویلپمنٹ کیلئے فنی تربیتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔اس حوالے سے جمعرات کے روز معاون خصوصی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صنعت وحرفت اور فنی تعلیم سید ذوالفقار علی شاہ،ایم ڈی ٹیوٹا عامر آفاق،ڈائریکٹر فنانس ٹیوٹا منیر گل اور کے پی ایزڈمک کے نمائندے نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹیوٹا کے آپریشنل اور تدریسی امور کا عمومی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں ادارے کی کارکردگی میں بہتری لانے اور اسے صوبے میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمندانہ تعلیم کا آئینہ دار ادارہ بنانے کیلئے کئی تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ٹیوٹا کے تحت صوبے میں فنی تعلیم کے مختلف ذرائع سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔