طلباء سمگلرز کی نشاندہی، انسداد منشیات پالیسی نفا ذ میں حکومت کی مدد کریں، مقررین

May 17, 2024

پشاور (خصوصی نامہ نگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں اینٹی نارکوٹکس سٹوڈنٹس سوسائٹی یوای ٹی پشاور اورفضائیہ کالج آف ایجوکیشن فار ویمن (پشاور کیمپس) کے اشتراک سے انسداد منشیات اور منشیات کے تباہ کن اثرات سے آگاہی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔کلینکل سائیکالوجسٹ ندا سید نے نوجوانوں میں منشیات کے استعمال اور لت کے نفسیاتی جسمانی پہلوؤں کے حوالے سے آگاہی، منشیات کی سپلائی کو کم کرنے کے لئے نوجوانوں کی کاؤنسلنگ،therapy relapse prevention، موٹیویشن تھراپی پر معلومات فراہم کیں، نشے کے عادی کا بطور مریض علاج کرنے اور بحالی کے عمل کے لئے ہمیشہ ہمدرد رہنے کا مشورہ دیا۔سفیان حقانی نے ٹیکنالوجی اور جدید خطوط کی مدد سے منشیات کے بڑے ڈیلرز اور سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن بارے محکمہ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، تعلیمی اداروں اور طلباء پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور منشیات کے سمگلروں کی نشاندہی کرنے اور انسداد منشیات کی پالیسی کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے میں حکومت کی مدد کریں۔ ڈین فیکلٹی آف میکینکل،کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سحر نورنے یقین دلایا کہ یو ای ٹی پشاور تعلیمی اداروں کے لئے ایچ ای سی کی انسداد منشیات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ہاسٹلز اور یونیورسٹی کے احاطے میں اس کے مناسب نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے نظام موجود ہے۔ رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم ،پروفیسر ڈاکٹرشہزاد خٹک ڈائریکٹر انڈر گریجویٹ، پروفیسرڈاکٹرافضل خان پرووسٹ نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔