سابق ڈی جی ہیلتھ سروسزخیبرپختونخوا ڈاکٹر شوکت علی کی معطلی کیخلاف پٹیشن خارج

May 17, 2024

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزخیبرپختونخوا ڈاکٹر شوکت علی کی معطلی کیخلاف دائر رٹ پٹیشن خارج کردی اور اس ضمن میں محکمہ صحت کے فیصلے کو برقراررکھا ہے ۔ جسٹس اعجاز انور اور جسٹس شکیل احمدپرمشتمل دورکنی بنچ نے درخواست گزار سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹرشوکت علی کی معطلی کیخلاف دائر رٹ پرسماعت کی۔ دوران سماعت صوبائی حکومت کیجانب سے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکلاءنے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر شوکت علی محکمہ صحت میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جو کہ ڈی جی ہیلتھ کی حیثیت سے کام کررہے تھے تاہم اس دوران انہیں غیر قانونی طریقے سے عہدے سے ہٹایا گیا۔انہوں نے بتایاکہ سیکرٹری ہیلتھ نے ان کی معطلی کا اعلامیہ جاری کیاہے حالانکہ سیکرٹری کے پاس یہ اختیار نہیں ہے بلکہ یہ اختیار چیف سیکرٹری کے پاس ہوتا ہے۔انہوں نے مزید دلائل دیئے کہ درخواست گزار کو سیاسی بنیادوں پر عہدے سے معطل کیا گیا ہے۔ دوران سماعت جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار کےخلاف چارج شیٹ یا الزامات کی فہرست ہے۔جس پر محکمہ صحت کے نمائندے نے بتایا کہ چارج شیٹ ابھی نہیں دیاتاہم الزامات کی فہرست موجودہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس میں ایک انکوائری شروع کی گئی ہے جس کا اعلامیہ جاری کیا گیاہے جس پر جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ابھی آپ کی حکومت کی ابتدا ہے، آپ ایسا کام کریں کہ آپ کےلئے نیک نامی بنے نہ کہ بدنامی بنے۔بعدازاں دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ڈی جی ہیلتھ کی معطلی کیخلاف درخواست خارج کردی اورمحکمہ صحت کے فیصلے کو درست قراردیا ہے ۔