محکمہ داخلہ کو مشال قتل کے ملزم کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کے احکامات

May 17, 2024

پشاور(نیوز رپورٹر ) پشاور ہائیکورٹ نے عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کے قتل میں نامزد ملزم کی جانب سے قید پوری کرنے کے باوجود اس کا نام ای سی ایل سے نہ ہٹانے کے خلاف دائر رٹ پر محکمہ داخلہ کو فوری طور پر اس کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کے احکامات جاری کردیئے فاضل بنچ نے ملک شہباز خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست گزارعلی خان کی رٹ کی سماعت کی۔ جس میں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق علی خان سزا پوری کرچکا ہے اس لئے اب کوئی جواز نہیں رہتا کہ اس کا نام ای سی ایل پر رکھا جائے دوسری جانب اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے پوچھا گیا کہ کیوں اس کا نام سزا پوری کرنے کے باوجود ای سی ایل پر رکھا گیا ہے جس کا وہ خاطرخوا جواب نہ دے سکا عدالت نے اپنی تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ چونکہ ملزم اپنی سزا پوری کر چکا ہے اور جیل سے رہا بھی ہو چکا ہے اس لئے اس کا نام کسی صورت ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ پر نہیں رکھا جا سکتا محکمہ داخلہ اس ضمن میں اس کا نام فوری طور پر لسٹ سے ہٹائے عدالت نے رٹ منظور کرتے ہوئے اس ضمن میں درخواست گزارکا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم جاری کردیا۔