سی پیک کے 25 ارب ڈالرز کے منصوبے زیر تکمیل ہیں، احسن اقبال

May 08, 2024

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے 25 ارب ڈالرز کے منصوبے زیر تکمیل ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال اور معاون خصوصی امور خارجہ طارق فاطمی چین کے دورے پر بیجنگ میں موجود ہیں۔

اعلامیے کے مطابق نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ چین کا پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔

پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی اور چینی حکام نے بیجنگ ایئرپورٹ پر پاکستان کے اعلیٰ وفد کا استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے کے تحت 25 ارب ڈالر کے منصوبے پاکستان میں زیرتکمیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت، صنعت، گرین توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا تاریخی دوست ہے، جس نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ دورے سے 13ویں جے سی سی اجلاس کا ایجنڈا مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔

اپنے دورہ بیجنگ کے دوران احسن اقبال نے چائنا ڈیولپمنٹ بینک کے حکام سے ملاقات کی ہے۔