پولیس اہل کار کی موٹر سائیکل چھین لی

May 09, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاقت آباد میں چار مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر پولیس اہل کار کی موٹر سائیکل چھین لی، اہل کار نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو زخمی کردیا جبکہ تین ملزمان موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔تفصیلاتکے مطابق لیاقت آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد بی ایریا منا جگر نہاری والے کے قریب بدھ کی صبح موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے آر آر ایف کورنگی میں تعینات اے ایس آئی اقبال سے اسلحے کے زور پر اس کی موٹر سائیکل چھین لی،ملزمان نے پولیس اہل کار سے اس کا پستول بھی چھینے کی کوشش کی تو پولیس اہل کار نے مزاحمت کی، اس دوران پولیس اہلکار اور ایک ملزم گتھم گھتا ہوگئے اور اسے اہلکارنے پکڑلیا جبکہ تین ملزمان پولیس اہلکار کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، پولیس اہل کار نے اپنے اسلحے سے ملزم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم کمر پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے فوری عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،ایس ایچ او لیاقت آباد ہمایوں خان کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 30سالہ عمران ولد میر بخش کے نام سے کی گئی،تھانیدار کے مطابق پولیس اہل کار اے ایس آئی اقبال صبح سویرے سادہ کپڑوں میں گھر سے ڈیوٹی پر جا رہا تھا اور لیاقت آباد بی ایریا سے تین ہٹی کی جانب مڑا ہی تھا کہ موٹر سائیکلوں پر سوار4ملزمان نے اسلحہ کے زور پر روک لیا اور اس کی موٹر سائیکل چھین لی،پولیس اہلکار نے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے ایک ملزم کو زخمی کردیا جبکہ اس کے ساتھی پولیس اہل کار کی موٹر سائیکل چھین کر فرارہوگئے،پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کررہی ہے۔