ہیٹ ویو، اندرون سندھ انٹرمیڈیٹ امتحانات ملتوی، کراچی میں 28؍ مئی سے

May 20, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر اندرون سندھ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرکے ایک ہفتے کیلئے آگے بڑھا دیے گئے ہیں جبکہ کراچی میں امتحانات 28؍ مئی کو معمول کے مطابق ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محکمے کے وزیر محمد علی ملکانی کی سفارش پر ماسوائے کراچی سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تاریخ ایک ہفتہ آگے بڑھانے کی منظوری دیدی ہے؛ اب یہ امتحانات 22؍ مئی کی بجائے 28؍ مئی سے شروع ہونگے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔