انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اور آسیان کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور

May 09, 2024

اسلام آباد (صالح ظافر) انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور آسیان کمیٹی اسلام آباد (اے سی آئی) کےدرمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں آسیان کے رکن ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔ آسیان وفد کی قیادت اے سی آئی کی موجودہ چیئرمین فلپائن کی سفیر ماریا اگنیس نے کی۔ آئی ایس ایس آئی ٹیم کی قیادت سابق سیکرٹری خارجہ اور ڈی جی آئی ایس ایس آئی کے سفیر سہیل محمود نے کی۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے آسیان کو اس کے ’’ویژن ایسٹ ایشیا‘‘ کے حصے کے طور پر دی جانے والی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آسیان کے عالمی اقتصادی پاور ہاؤس اور بحیثیت علاقائی تعاون کے ایک کامیاب ماڈل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے آسیان کے رکن ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور ادارہ جاتی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی مصروفیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسیان کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 11.8؍ ارب ڈالرز تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے اسے مکمل ڈائیلاگ پارٹنرشپ کا درجہ دینے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر زور دیا۔