کراچی میں صرف اپریل میں 59 افراد قتل، 4 ہزار گاڑیاں، موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں

May 10, 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ماہ اپریل میں مختلف واقعات میں 59افراد قتل ہوئے جبکہ 4 ہزار 346گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔سی پی ایل سی نے ماہ اپریل میں اسٹریٹ کرائم کے واقعات کی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق اپریل میں کراچی کے شہریوں کو 162 گاڑیوں اور 4ہزار 184موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا گیا۔چھینی اور چوری کی گئیں 22گاڑیاں اور 126 موٹر سائیکل ریکور کیے گئے۔ماہ اپریل کے دوران شہریوں سے 1368موبائل فون چھینے گئے جن میں سے 27کی ریکوری ہوئی۔اس دوران اغوابرائے تاوان کا ایک، بھتہ خوری کے15واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق رواں برس اب تک شہر میں مختلف واقعات میں213افراد قتل ہوئے۔سال 2024میں 676 گاڑیاں اور20ہزار 170موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں،اس دوران شہریوں سے7ہزار 470موبائل فون چھینے گئے۔رواں برس بھتہ خوری کے40اور اغوا برائے تاوان کے 6واقعات رپورٹ ہوئے۔