ڈیفنس، کار شوروم کے مالک نے پارٹنر کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر زخمی کرلیا

May 10, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں کار شوروم کے مالک نے اپنے پارٹنر کو گولی مار کر قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار کر زخمی کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس تھانے کی حدود ڈیفنس فیز ٹو ایکسٹیشن میں واقع کمال موٹرز نامی شوروم پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتول کی لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 65سالہ کمال صدیقی کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی کی 50سالہ خان شفیع کے نام سے ہوئی ۔ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہو ا کہ مقتول اور زخمی شخص کار شوروم میں شراکت دار ہیں، خان شفیع کو مقتول سے ایک کروڑ کی رقم لینی تھی اور اس معاملے پر انکے درمیان جھگڑے چل رہے تھے ۔گذشتہ روز خان شفیع کا مقتول سے شوروم کے اندر جھگڑا ہوا ،زخمی نے پہلے ملازمین کے سامنے مقتول کو مارا پیٹا اور پھر دو سے تین گولیاں مارکر کمال صدیقی کو قتل کردیا اور خود کو بھی گولی مار کر زخمی کرلیا۔پولیس نے شوروم کے اندر کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرلی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے خول اور پستول بھی تحویل میں لے لیا ہے۔مقتول ناظم آباد نمبر چار کا رہائشی اور ملزم پی آئی بی کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے دونوں شراکت دار کے علاوہ پرانے دوست بھی ہیں۔