دوسرے لوگوں کی طرح مجھے بھی اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق ہے: حازم بنگوار

May 15, 2024

فوٹوز بشکریہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے سابق اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار نے اسٹائل ایوارڈز میں پہنے گئے اپنے فیشن ایبل لباس پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب دیا ہے۔

حاظم بنگوار نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ، انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے تنقید کرنے والوں میں سے کسی کا بھی نام لیے بغیر اُن کے رویے پر ناراضی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔

حاظم بنگوار نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا ہے کہ زیادہ تر لوگ یہ بھی بھول چکے ہیں کہ میں ایک بیورو کریٹ کے علاوہ ایک انسان بھی ہوں، دوسرے لوگوں کی طرح مجھے بھی اپنی ذاتی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق ہے۔

اُن کا مزید کہنا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، دفتر کے فرائض اور عہدے کے رتبے سے بخوبی واقف ہیں، وہ اپنے تمام فرائض احسن انداز میں سر انجام دے رہے ہیں۔


حاظم بنگوار کا کہنا ہے کہ وہ اپنی پرتعیش زندگی چھوڑ کر عوام کی خدمت کے لیے اس سسٹم کا حصہ بنے ہیں لیکن اُنہیں اپنے اس فیصلے کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے، اُنہیں ہر روز عام لباس پہننے پر تنقید، ٹرولنگ اور نامناسب رویوں اور الفاظ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور دفتر میں اچھا لباس پہن کر جاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے دفاع میں مزید لکھا کہ کیا کوئی ڈاکٹر یا افسر اپنا یونیفارم عوامی مقامات میں پہن کر باہر نہیں جاتا مگر مجھ سے توقع کی جاتی ہے کہ میں باہر بھی وہی لباس پہن کر جاؤں جو میں اپنے دفتر میں پہنتا ہوں۔

حاظم بنگوار کا کہنا ہے کہ اُن کا آخری اور واحد مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، وہ امید کرتے ہیں کہ اُنہیں اپنی ذمہ داریاں پرسکون انداز میں ادا کرنے دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ حاظم بنگوار نے دو دن قبل کراچی میں ہونے والی نجی ٹی وی کے اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس دوران انہوں نے سیاہ رنگ کا نہایت منفرد اور فیشن ایبل لباس ذیب تن کیا ہوا تھا۔

حاظم بنگوار کے اس لباس میں ملبوس متعدد تصویریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی تھیں جن پر اُنہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ناقدین میں ناصرف عام عوام بلکہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری بھی شامل تھے۔