کے ٹی سی نے پاکستان سگریٹ مارکیٹ اسسمنٹ رپورٹ مسترد کردی

May 19, 2024

پشاور( جنگ نیوز)خیبر ٹوبیکو کمپنی (کے ٹی سی )نے آئی پی ایس او ایس پاکستان کی جانب سے "پاکستان سگریٹ مارکیٹ اسسمنٹ 2024" کے عنوان سے شائع ہونے والی رپورٹ کو مسترد اور بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہاہے کہ کے ٹی سی رپورٹ میں لگائے گئے تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتی ہے اور تمام ریگولیٹری تقاضوں کی تعمیل کے لئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ملک کے اندر 400 سے زائد افرادی قوت کو ملازمت دینے والے قومی سگریٹ مینوفیکچرنگ اداروں میں شامل ہیں اور مالی سال 2022-23 کے دوران پاکستان کے سب سے بڑے تمباکو برآمد کنندہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں،یہ عوامل قومی خزانے میں ہمارے تعاون کو نمایاں طور پر بڑھاتے ہیں، جو ایپسوس کے دعوئوں کے براہ راست برعکس ہے۔اس کے علاوہ کے ٹی سی فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ساتھ ٹریک اینڈ ٹریس معاہدے پر عمل درآمد کے ابتدائی حامیوں میں شامل تھا جس کا ثبوت عوامی ریکارڈ سے ملتا ہے۔ کمپنی نے ایف بی آر سمیت ریگولیٹری اتھارٹیز کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور تمام قابل اطلاق قوانین اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے داخلی کنٹرول کا ایک مضبوط نظام برقرار رکھا ہے۔