سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر جیل منتقل، مرغیوں کو تلف کردیا گیا

May 19, 2024

پشاور (لیڈی رپوٹر) محکمہ خوراک نے چرگانوں چوک‘ مرچ منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کر کے سپلائر کو جیل بھیج دیا اور مرغیوں کو تلف کردیا جبکہ کار سرکار میں مداخلت پر مارکیٹ کے عہدیداروں اسرائیل‘ جلیل اور شیراز کیخلاف تھانہ فقیر آباد میں مقدمہ درج کرلیا۔ محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے مخبر کی اطلاع پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کو کارروائی کی ہدایت کردی جن کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے چرگانوں چوک‘ مرچ منڈی میں مختلف دکانوں اور گوداموں میں چیکنگ کی اس دوران افسران نے سپلائر کو مردہ مرغیوں کو رکشے میں لوڈ کرتے وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جس کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ مردہ مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔ اس موقع پر مارکیٹ یونین کے عہدیداروں نے ہنگامہ کھڑا کردیا جن کے خلاف تھانہ فقیر آباد میں کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ۔