پختہ نظریہ ہی بہترین صحافی کیلئے ضروری‘ رائٹر گلڈ آف اسلام

May 20, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)رائٹرز گلڈ آف اسلام پاکستان کے زیر اہتمام ایک روزہ ورکشاپ کوئٹہ پریس کلب میں منعقد ہوئی ،جس سے ممتاز اسکالر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق ، حافظ عبد الغنی شہزاد ، ڈاکٹر فضل الرحمٰن ، سید آغا فضل فیصل ، شمس خیال ، مفتی نظام الدین لانگو ، پروفیسر صلاح الدین ودیگر نے اسلامی نظریہ کی روشنی میں صحافت کا کردار اور اس کی ذمہ داریاں کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختہ نظریہ کے حامل افراد ہی بہترین صحافی بن سکتے ہیں ، بلوچستان میں صحافت کے فروغ کے لئے صحافیوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن حق اور سچ کا دامن نہیں چھوڑا ، معاشرے کی اصلاح میں ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ضروری ہے ، نئی نسل کی صحیح سمت میں تربیت کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کیلئے ماہرین کی خدمات لینی چاہئے، ہر شعبے سے وابستہ ماہرین ہی اپنے شعبے میں بہتر انداز میں کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کے لئے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال ، صحافت و کتب بینی کا فروغ ، لائبریریوں کا قیام اور نوجوانوں میں تحریر کا جذبہ پیدا کرنے کے لئے ورکشاپس و مذاکروں کا اہتمام کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر رائٹرز گلڈ آف اسلام کے ارکان نے کہا کہ ہماری تنظیم نے عہد کیا ہے کہ معاشرے کی اصلاح کے لئے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے تمام ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ہر ذمہ دار رکن خیر کا سبب بنے گا ۔ اپنی مدد آپ کے تحت نوجوانوں اور بچوں میں تحریر کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے اسکولز ومدارس میں تربیتی ورکشاپ اور مختلف کورسز کا اہتمام کیا جائے گا ۔