اسلام آباد چیمبر کا فری لانسنگ‘ ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ سیشن کا انعقاد

May 20, 2024

اسلام آباد (جنگ نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنی رائزنگ جنریشن ایمپاورمنٹ کمیٹی کے تحت فری لانسنگ اور ڈیجیٹل میڈیا ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا۔ آئی ٹی سپیشلسٹ اور نشان امتیاز حاصل کرنے والے فہد ملک نے آئی ٹی مہارتوں کے ساتھ ساتھ آن لائن کیریئر سے پیسہ کمانے کی تکنیک بارے رہنمائی کی۔ انٹرایکٹو سیشن کے دوران انہوں نے طلباء کے سوالات کے جوابات دیئے اور آن لائن ملازمتوں کیلئے مہارتوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سابق صدر اسلام آباد چیمبر اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ آئی سی سی آئی مختلف شعبوں اور شعبوں میں مہارتوں کو بڑھانے کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز، سیمینارز، کانفرنسز اور ورکشاپس کا انعقاد کرتا ہے۔ کنونیئر رائزنگ جنریشن ایمپاورمنٹ کمیٹی ائی سی سی آئی فاطمہ حسن نے کہا کہ ڈیجیٹل مہارتیں نہ صرف افراد کی خوشحالی بلکہ ملک کی ترقی کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ سیکرٹری جنرل اسلام آباد یوتھ اسمبلی عنیقہ حسن نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کو سراہا۔