لنکا پریمیئر لیگ: مختلف ٹیموں نے 7 پاکستانی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلیں

May 21, 2024

لنکا پریمیئر لیگ 2024 کے پلیئرز آکشن میں مختلف ٹیموں نے پاکستان کے 7 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

پی سی بی کی دو لیگز کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے بڑے نام لنکا پریمیئر لیگ سے دور ہی رہے۔

لنکا پریمیئر لیگ 2024 یکم جولائی سے 21 جولائی تک ہوگی میں کھیلی جائے گی جس کیلئے پلیئرز آکشن منگل کو ہوئے جس میں پاکستان کے افتخار احمد کو دمبولا ٹھنڈرز نے پچاس ہزار ڈالرز میں پک کیا۔

فاسٹ بولر محمد حسنین کو تیس ہزار ڈالر میں بی لوو کینڈی نے حاصل کیا جبکہ وسیم جونیئر کو کولمبو اسٹرائیکرز نے 20 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا۔

کینڈی نے اعظم خان کو بھی 50 ہزار ڈالرز میں حاصل کرلیا جبکہ سلمان علی آغا کو دس ہزار ڈالرز میں حاصل کیا گیا۔ محمد علی 10 ہزار ڈالرز میں بی لوو کینڈی کا حصہ بنے۔ حیدر علی کو دمبولا ٹھنڈرز نے 25 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا۔

پاکستان کے شاداب خان پلیئرز آکشن سے قبل ہی کولمبو اسٹرائیکرز کا حصہ بن چکے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بڑے نام لنکا پریمیئر لیگ میں آکشن میں پک نہ ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی دو لیگز کی پالیسی کی وجہ سے اکثر پاکستانی کرکٹرز کم معاوضے والی لنکا پریمیئر لیگ سے ڈیل کرنے کی بجائے زیادہ معاوضے والی دیگر لیگز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاکستان کے حارث رؤف، زمان خان اور ابرار احمد میجر لیگ کیلئے ایکشن میں ہوں گے جو 4 سے 28 جولائی تک ہوگی۔ جولائی کے آخر میں ہونیوالی دی ہنڈریڈ میں نسیم شاہ، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسامہ میر ایکشن میں ہوں گے۔