پہلی اہلیہ سے ذہن نہیں ملا اس لیے دوسری شادی کرنی پڑی: شبیر جان

May 22, 2024

اسکریب گریب

پاکستانی معروف سینئر اداکار، رائٹر و ہدایتکار شبیر جان نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی شادی بہت چھوٹی عمر میں ہو گئی تھی، اُس وقت شادی کا صحیح مطلب بھی نہیں معلوم تھا، پہلی اہلیہ سے ذہن نہ ملنے پر دوسری شادی کی تھی۔

ڈرامہ انڈسٹری کو متعدد سپر ہٹ ڈرامے دینے والے ورسٹائل اداکار شبیر جان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں سینئر اداکار ساجد حسن کو انٹرویو دیا ہے۔

اداکار نے انٹرویو کے دوران اپنی دادی، والدہ، والد، دو بیگمات،بچوں، کیریئر کے آغاز اور گھر سے بھاگ جانے جیسے نجی زندگی کے حساس موضوعات پر بھی بات کی۔

انٹرویو کے دوران متعدد سوالات کے جواب دیتے ہوئے اپنی گفتگو میں شبیر جان نے بتایا کہ اُن کی دادی ایک کاروباری خاتون تھیں، آج بھی کراچی کے صدر کے علاقے میں اُن کی دکان مشہور ہے، وہ برتنوں کو رنگنے کا کام کیا کرتی تھیں، یہی کام بعد ازاں اُن کے والد اور پھر انہوں نے کیا۔

شبیر جان نے اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ والد کو کہتی تھیں کہ اس کو مت مارو، یہ میرا کھوٹا سکّہ ہے جب یہ چلے گا تو کوئی دوسرا سکّہ نہیں چلے گا۔

والدہ کا ذکر کرتے ہوئے شبیر جان شو کے دوران آبدیدہ بھی ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج اللّٰہ نے وہ دن دکھایا اور مجھے وہ مقام دیا ہے، والدہ میرے لیے بادام، کاجو نکال کر رکھتی تھیں، میں ان کی گود میں سر رکھ کر لیٹ جایا کرتا تھا۔

اُن کا بتانا تھا کہ وہ اکثر والدہ کے پرس میں سے پیسے بھی چُرالیا کرتے تھے۔

شبیر جان نے بتایا کہ اُنہیں تعلیم میں کوئی خاص دلچسپی نہیں تھی اور نہ ہی وہ دکان پر ٹِک کر بیٹھنے والوں میں سے تھے، وہ بس شرارتی تھے، اسی لیے گھر سے اکثر بھاگ جایا کرتے تھے۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ ایک بار جب فرار ہونے کے بعد وہ ڈیڑھ ماہ بعد گھر پہنچے تو انہیں معلوم ہوا اُن کی شادی ہو رہی ہے، اُس وقت اُنہیں شادی کا مطلب تک معلوم نہیں تھا، بس وہ خوش ہو گئے کہ میری شادی ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اُن کی پہلی شادی 18 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔

شبیر جان کا بتانا تھا کہ اُنہیں اپنی پہلی اہلیہ سے کوئی خاص انسیت نہیں ہے، بس شادی چل رہی ہے، اُن کا پہلی اہلیہ کے ساتھ ذہن نہیں ملا تھا اور یہی وجہ تھی کہ بعد ازاں کچھ اداکاری کرنے اور ڈراموں میں مشہور ہونے کے بعد انہوں نے دوسری شادی کر لی تھی۔

شبیر جان نے انکشاف کیا کہ دوسری شادی پر اُنہیں والدہ یا والد کی جانب سے روکا یا ٹوکا نہیں گیا تھا، وہ اُس وقت نئے نئے مشہور ہو رہے تھے اس لیے والد اور والدہ نے خوشی خوشی ہاں کر دی تھی۔