روینہ ٹنڈن نے نشے کا الزام لگانے والوں پر 100 کروڑ کا دعویٰ کردیا

June 15, 2024

کولاج فوٹوز سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے ایک حالیہ واقعے میں ان پر نشے میں ہونے کا الزام لگانے والے محسن شیخ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا۔

محسن شیخ نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں روینہ کو ایک ہجوم میں گھرا دیکھا گیا تھا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد روینہ ٹنڈن کی ٹیم نے اداکارہ کی ساکھ خراب کرنے پر ویڈیو شیئر کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا جارہا ہے کہ روینہ ٹنڈن نے 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کردیا۔

روینہ ٹنڈن کے وکیل ثنا رئیس خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ حال ہی میں، ایک غلط اور بے بنیاد شکایت میں روینہ کو الجھانے کی کوشش کی گئی تھی جس کی وضاحت سی سی ٹی وی فوٹیج میں کی گئی اور کوئی شکایت درج نہیں کی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک شخص نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر اس واقعے کے بارے میں غلط معلومات پھیلائیں جو حقائق کے منافی، غلط اور گمراہ کن تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ غلط خبریں پھیلانے کا مقصد بظاہر روینہ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے جس کے پیچھے انکا مفاد ہوسکتا ہے۔ یہ جھوٹ مسلسل پھیلانے کا مقصد غالباً بلیک میلنگ اور سستی شہرت حاصل کرنا ہے جو روینہ کی عزت نفس کے نقصان پر مبنی ہے۔

روینہ ٹنڈن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم اس مسئلے کو حل کرنے اور انصاف فراہم کرنے کےلیے تمام ضروری قانونی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ اداکارہ کو بدنام کرنے کی اس مہم کو جاری رکھنے والے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔