ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر بنی فلم نے کانز میں ہلچل مچادی

May 22, 2024

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر بنی فلم نے کانز فلم فیسٹیول میں ہلچل مچادی اور اس پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی زندگی پر بنی نئی فلم کا کانز فلم فیسٹیول میں ورلڈ پریمیئر ہوا جس کے بعد سابق صدر کی طرف سے اس پر قانونی کارروائی کرنے کا امکان ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق (The Apprentice) نامی فلم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 1970 اور 1980 کی دہائی میں نیویارک میں ایک نوجوان پراپرٹی ڈیولپر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے دکھایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی پہلی بیوی کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

اس حوالے سے سابق صدر کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں اس کو افسانہ، گھٹیا پن اور انتخابات میں ہالی ووڈ کی مداخلت قرار دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ماضی میں طلاق کی کارروائی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی بیوی ایوانا نے سابق صدر پر زیادتی کا الزام لگایا تھا تاہم انہوں نے اس الزام کو بعد میں واپس لے لیا تھا اور ان کی 2002ء میں موت ہوگئی تھی۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اسٹیون چیونگ نے کہا ہے کہ فلم سازوں کے صریحاً جھوٹے دعوؤں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس فلم کے ایرانی ڈائریکٹر علی عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو ہم پر مقدمہ کرنے سے پہلے فلم دیکھنی چاہیے۔