جب بھارتی اداکار اوم پوری نے عدنان شاہ ٹیپو کو ہالی ووڈ سنیما نہ چھوڑنے پر آمادہ کیا

May 22, 2024

---فائل فوٹوز

ہندی اور انگریزی فلم انڈسٹری میں فنکاری دکھانے والے پاکستانی اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی معروف اداکار اوم پوری نے اُنہیں ہالی ووڈ فلم نہ چھوڑنے پر آمادہ کیا تھا۔

پاکستانی باصلاحیت اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔

اس دوران انہوں نے اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔

اداکار نے بتایا ہے کہ وہ ایک لاپرواہ سے نوجوان تھے، اُن کی شخصیت اور چہرے کے خدو خال کا مذاق بنایا جاتا تھا، وہ نہیں جانتے تھے کہ ایک دن بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں بھی کام کریں گے۔

عدنان شاہ ٹیپو نے شو کے دوران انکشاف کیا کہ اُنہیں آج تک سب سے زیادہ کام کا معاوضہ ہالی ووڈ سے ملا ہے، ہالی ووڈ نے اُنہیں فلم میں صرف دو سین کے لیے اتنا معاوضہ دیا تھا کہ اتنا تو آج تک اُنہیں بھارت سے بھی نہیں ملا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ہالی ووڈ کی ایک فلم کے لیے کیمرے کے پیچھے کام کر رہے تھے، اس فلم کے وہ ڈائیلاگ ڈائریکٹر تھے۔

عدنان شاہ ٹیپو نے کہا کہ ہالی ووڈ والے آپ کو کام کے دوران بہت اعتماد دیتے ہیں، اتنا اعتماد کہ آپ اُن کے ساتھ کام سے متعلق بلا جھجک بحث کر سکتے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ ہالی ووڈ کی اُس فلم میں بھارتی معروف اداکار اوم پوری بھی کام کر رہے تھے، ہالی ووڈ فلم میں پاکستان کی ثقافت دکھائی جانی تھی مگر وہ بھارتی ثقافت کو پاکستانی ثقافت کے ساتھ جوڑ رہے تھے۔

انہوں نے اس موضوع پر بحث کی اور لڑائی ہو جانے پر انہوں نے فلم چھوڑنے کا کہہ دیا تھا، اس دوران اوم پوری صاحب اُن کے پاس آئے اور اُنہیں فلم نہ چھوڑنے کے لیے آمادہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بیچ کا رستہ نکالو۔

عدنان شاہ ٹیپو نے اوم پوری کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اوم پوری صاحب بہت سادہ لوح انسان تھے، اُن کے ساتھ کام کا تجربہ بہت اچھا اور یادگار تھا۔‘