ریچا چڈھا نے 99 ری ٹیک بیان کی وضاحت کردی

May 22, 2024

بالی ووڈ اداکارہ ریچا چڈھا نے ہیرا منڈی کے ایک سین میں 99 ری ٹیک دینے کے بیان کی وضاحت کردی۔

کپل شرما شو میں گفتگو کے دوران ریچا چڈھا نے سنجے لیلا بھنسالی کی ہیرا منڈی سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ جس سین کی شوٹنگ کےلیے 99 ری ٹیک دیے وہ تو سیریز میں دیکھایا ہی نہیں گیا۔

بھارتی اداکارہ نے کپل شرما کے شو میں دیے گئے بیان سے پیدا ہونے والی غلط فہمی کی سوشل میڈیا پر وضاحت جاری کی۔

انہوں نے ہیرا منڈی کے گانے ’معصوم دل ہے میرا‘ کے ڈانس کی ویڈیو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کی کہ یہ میری آخری وضاحت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "جو شارٹ 99 ٹیک کے بعد بھی سیریز کا حصہ نہیں بنا، اسے میں نے یقینا اچھا نہیں کیا تھا، بس سمجھ جاؤ، یار۔"

اس قصے کی شروعات کپل شرما کے شو سے ہوئی، جہاں سیریز کی کاسٹ نے شرکت کی، اس موقع پر میزبان نے پوچھا کہ سب سے زیادہ ری ٹیک کس نے دیے، اس پر سوناکشی سنہا نے کہا کہ میرا نہیں خیال بات 12 ری ٹیک سے اوپر گئی ہوگی۔

اس سوال پر ادیتی راؤ حیدری نے جواب دیا کہ ڈانس میں 12 سے 13 ری ٹیک دیے تھے جبکہ ریچا چڈھا نے کہا کہ اس معاملے میں اسکور سب سے زیادہ 99 ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنچری کے قریب پہنچنے والا یہ سین کرنا آسان نہیں تھا، لوگوں کو آسان لگتا ہوگا، سوچیں آپ کے ڈانس کو 200 سے 300 لوگ دیکھ رہے ہوں اور آپ بہتر پرفارم نہ کر پا رہے ہوں۔