حکومت وڈھ کے حالات کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے،جھالاوان عوامی پینل

May 23, 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جھالاوان عوامی پینل کے رہنما شہزاد غلامانی نے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت وڈھ کے حالات کو ایک مرتبہ پھر خراب کیا جارہا ہے،ٹارگٹ کلنگ ، اغوا برائے تاوان ، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں ، حکومت حالات کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر پینل کے مرکزی رہنما ندیم الرحمٰن بلوچ سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ خضدار شہر کو ایک بار پھر ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوروں ، اغوا برائے تاوان اور بم دھماکوں کا سامنا ہے ۔ خضدار پریس کلب کے صدر شہید مولانا صدیق مینگل کی بم دھماکے میں ، راہیگیروں سمیت شہادت ، مولوی عبدالحکیم محمدزئی کی ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہادت اور سیکورٹی فورسز پر پے در پے دھماکوں کے ذریعے خضدار کے امن کو برباد کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں وڈھ میں ٹکری عبدالغفور لانگو کو ووٹ نہ دینے پر نجی جیل میں بند کیا اور دستی بم کا ڈرامہ رچایا گیا بعد ازاں شدید عوامی ردعمل کے نتیجے میں بزرگ قبائلی رہنما کو بازیاب کرایا اور اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا جو آج بھی متعلقہ تھانے میں موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 17 مئی کو وڈھ سے منتخب کونسلر سلطان رئیسانی اور ان کے ساتھی جمال مینگل کو وڈھ سے بااثر قبائلی شخصیت اپنے دیگر مسلح افراد کے ساتھ اغوا کرکے لے گئے اور اس کو اس بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا وہ ان کی پارٹی کے مقابلے میں کونسلر منتخب ہوے ہیں جس کے بعد مسلسل 48 گھنٹے تک قومی شاہراہ پر مغویوں کی بازیابی کیلئے دھرنا جاری رہا اس دوران انتظامیہ اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر کا رویہ انتہائی افسوسناک رہا ، اغواکاروں پر ایف آئی آ درج کرنے کے بعد مغوی پر بھی جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ،انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان،چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وڈھ کے خراب حالات کو درست کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔