اے این پی رہنما الف خان پر تشدد کا الزام، اقبال وزیر پر مقدمہ درج

June 16, 2024

اقبال وزیر--- فائل فوٹو

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما الف خان کی مدعیت میں ایم پی اے اقبال وزیر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔

درج ایف آئی آر کے مطابق الف خان نے الزام عائد کیا ہے کہ رکنِ صوبائی اسمبلی نے 10 سے زیادہ ساتھیوں کے ساتھ مل کر مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا، گاڑی میں میرے 2 بچے بھی تھے، ٹکر سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔

اس معاملے کی درج ہونے والی ایف آئی آر میں لکھوایا گیا ہے کہ واردات کے دوران 2 راہگیر بھی زخمی ہوئے۔

ایف آئی آر کے مطابق پولیس نے ایم پی اے سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

خیبر پختون خوا کے رکنِ اسمبلی اقبال وزیر نے ’جیو نیوز‘ سے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ الف خان سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی۔

اقبال وزیر نے کہا کہ غلط فہمی پر واقعہ پیش آیا، معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما الف خان کو خیبر پختون خوا اسمبلی کے قریب مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔