ساجد حسن نے بھارت مخالف کردار ادا کرنے سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی

May 24, 2024

اداکار ساجد حسن ـــ فوٹو اسکرین شاٹ

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار ساجد حسن نے بھارت مخالف کردار ادا کرنے سے انکار کرنے کی وجہ بتا دی۔

ساجد حسن نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے بارے میں بہت دلچسپ گفتگو کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے کچھ دنوں پہلے فلم’ٹائیگر 3‘ دیکھی جس میں کچھ بھی نہیں ہے بس مسلسل پوری فلم میں پاکستان کے خلاف باتیں کی گئی ہیں اور مجھے یہ چیز پسند نہیں ہے۔

اداکار نے کہا کہ اس طرح کی فلموں اور ڈراموں میں ایک اداکار کے ساتھ بہت ناانصافی ہوتی ہے اسی لیے میں ذاتی طور پر ایسے کردار کرنا پسند نہیں کرتا۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب میں انڈسٹری میں نیا تھا تو ہم پر بھی اس قسم کے کردار کرنے کا بہت دباؤ تھا لیکن میں نے انکار کر دیا کیونکہ دوسرے ممالک کے لوگوں کے ساتھ آپ کا رابطہ اور رشتہ متاثر نہیں ہونا چاہیے چاہے وہاں کے لوگ آپ کے لیے ناگوار ہی کیوں نہ ہوں۔

ساجد حسن نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو قائد اعظم کی مسلسل جدوجہد سے ملنے والی اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے کیونکہ میں بھارت گیا ہوں اور میں نے وہاں سانس لینے میں گھٹن محسوس کی ہے۔