فلم نائیک میں انیل کپور کی جگہ شاہ رخ کو 1 روپیہ معاوضے پر کاسٹ کیا گیا تھا؟

June 16, 2024

فوٹو بشکریہ: این ڈی ٹی وی

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کو فلم نائیک کیلئے منتخب کیا گیا تھا، جس کیلئے انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر ایس شنکر سے معاہدے کے طور پر اپنا معاوضہ صرف ایک روپیہ لیا تھا۔

فلم نائیک 1999 میں تامل زبان میں بننے والی فلم مدھلوان کا ہندی ریمیک تھی، جو باکس آفس پر تو زیادہ اچھی نہیں چلی مگر ٹی وی پر پریمیئر میں اسے بہت زیادہ پسند کیا گیا تھا، تاہم اس میں شاہ رخ خان کے کام کرنے کے حوالے سے ان کا ایک پرانا انٹرویو انٹرنیٹ پر وائرل ہوا ہے۔

اس انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کھل کر اس بات کا اظہار کیا کہ انہوں نے معاہدے کرنے کے بعد یہ فلم کیوں نہیں کی؟

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں شاہ رخ خان کے حوالے سے کہا گیا کہ انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر ایس شنکر کو یہ بھی بتایا تھا کہ میں نے اس فلم کےلیے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور اس کی رقم بھی لی ہے، کیا آپ جانتے ہیں کتنا معاوضہ لیا تھا؟ صرف ایک روپیہ۔

شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اس فلم کا اصل تامل ورژن دیکھا تھا جو پسند بھی آیا تھا، مگر انہوں نے سوچا کہ یہ تصور شمالی ہندوستان میں کام نہیں کرے گا۔

کنگ خان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ مگر میں اس کا ہندی ورژن کرنے کیلئے بہتر محسوس نہیں کر رہا تھا اور میں نے شنکر کو بتایا تھا کہ تامل میں اس وزیراعلیٰ نے ایک دن کےلیے شاندار کام کیا ہے، مگر مجھے نہیں لگتا کہ شمالی ہندوستان میں یہ اتنا بڑا مسئلہ ہے۔ بعد میں کچھ معاملات کی وجہ سے میں اس فلم میں کام نہیں کرسکا تھا۔

شاہ رخ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے پاس نائیک کے معاہدے کی رقم موجود ہے اور شنکر کے ساتھ کام کرنے کا اب بھی وعدہ ہے، کیونکہ وہ ایک ایسا آدمی ہے جس کے ساتھ میں یقینی طور پر کام کرنا چاہتا ہوں، میرے لیے وہ جیمز کیمرون کی طرح ہے۔