فہد مصطفیٰ نے ہندو بچے کے علاج کیلئے لاکھوں کی امداد دی: سماجی کارکن ظفر عباس کا انکشاف

June 16, 2024

جے ڈی سی کے سربراہ ظفر عباس نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار و میزبانفہد مصطفیٰ نے ہندو بچے کے علاج کے لیے لاکھوں روپے کی امداد دی۔

ظفر عباس نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکاروں کے سماجی کاموں کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ہندو برادری کا ایک بچہ تھا جس کا بون میرو ٹرانسپلانٹ کروانا تھا اور اسے ڈاکٹرز نے آپریشن کروانے کے لیے جو وقت دیا تھا اسے ختم ہونے میں صرف دو یا تین مہینے رہ گئے تھے اس کے بعد پھر اس بچے کا آپریشن ہونا ممکن نہیں تھا اور پھر وہ بچہ زندگی بھر کے لیے تھیلسیمیا کا شکار ہو جاتا، اس لیے ہم نے لوگوں سے مالی امداد کرنے کی اپیل کی۔

ظفر عباس نے بتایا کہ مجھے صحیح سے یاد نہیں ہے کیونکہ یہ 4 سال پرانی بات ہے لیکن ہم نے تقریباً 40 یا 50 لاکھ روپے مالی امداد کرنے کی اپیل کی تھی جس کے بعد فہد مصطفیٰ کا فون آیا اور اُنہوں نے اس بچے کے علاج پر آنے والی رقم کی ادائیگی کی اور وہ بچہ علاج کے لیے پڑوسی ملک گیا اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کروا کر وطن واپس آیا۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ آج وہ بچہ بالکل ٹھیک ہے اور زندگی کی دوڑ میں عام بچوں کی طرح دوڑ رہا ہے۔

ظفر عباس نے کہا کہ اداکار جس طرح سے سماجی کاموں میں ہمارا ساتھ دیتے ہیں وہ بہت کمال کی بات ہے۔