سانحہ پکا قلعہ کے شہدا کے ایصال ثواب کیلئےقرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا انعقاد

May 27, 2024

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدراباد ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام پکا قلعہ گراؤنڈ حیدراباد میں سانحہ پکا قلعہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی و فاتحہ خوانی کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اپنے حصے کا سندھ کو جوڑ کر رکھنے اور امن قائم کرنے کی قربانی دے چکے، اب جو وقت آنے والا ہے اسکا سارا بوجھ تمہارے کاندھے پر آئیگا،ایک طبقہ آبادی تو بجٹ کا سو فیصد دیتا ہے جبکہ دوسرا سو فیصد بجٹ استعمال کرلیتا ہے،پیپلزپارٹی نے موقع ملتے ہی مشرقی پاکستان کو تقسیم کے لیے سیاسی مہر لگا ئی ،اس دعائیہ اجتماع میں سنیئر مرکزی رہنما انیس احمد قائم خانی،کہف الواری، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی، ایم کیو ایم سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رزاق و اراکین ، ایم کیو ایم حیدراباد ڈسٹرکٹ کے انچار ج ظفر احمد صدیقی واراکین، کراچی و حیدراباد کے حق پرست ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ٹاؤنز اور یوسیز کے ذمہ داران و کارکنان، شعبہ خواتین و عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خالد مقبول نے کہا کہ آج سے 34سال پہلے پکاقلعہ حیدرآباد کو محاصرہ کر کے دشمن فوج کی طرح مورچہ زن کیا گیا، پاکستان کے نظام انصاف پر یہ دن بہت بڑا سوال ہے، شناخت معلوم کرکے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا،88ء میں ہم نے حکومت بنوا ئی، 90میں آپ نے اس علاقے کو زیر تسلط کیا، قومیں 26اور 27مئی 1990جیسے واقعات کبھی نہیں بھولتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ27 دسمبر بے نظیر کی شہادت بھی نہیں بھلائی جاسکتی، شہادت راولپنڈی میں ہوئی جلایا حیدرآباد اور کراچی کو گیا، اس روز سندھ کی بچیاں اغوا ہوتی رہیں اور گاڑیاں جلائی جاتی رہیں۔