نیو کراچی فائیو ای اور فائیو ڈی کچرا کنڈی بن گئے

June 01, 2024

نیو کراچی فائیو ای اور فائیو ڈی کچرا کنڈی بن گئے، جگہ جگہ نالے کوڑے سے بھرے ہوئے ہیں، خستہ حال سڑکوں اور سیوریج کے ابتر نظام نے علاقے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

سڑک کے نام پر بڑے بڑے گڑھے، اس پر بہتا ہوا گندہ پانی، کچرے سے بھرے نالے اور سونے پہ سہاگے کی طرح نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔

کراچی کے علاقے نیو کراچی فائیو ای اور فائیو ڈی کے رہنے والے جہاں ان سب مسائل کی وجہ سے کئی مشکلات میں زندگی گزار رہے ہیں، وہیں اپنی منزلوں تک پہنچنے کےلیے سفر کرنے والوں کا بھی برا حال ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انہیں لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور کئی سال سے اس علاقے کی یہی صورتحال ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گندگی اور غلاظت کے باعث بیماریوں کے ڈیرے ہیں اور رہی سہی کسر یہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں پوری کردیتی ہیں۔

شہری کہتے ہیں کچھ دنوں میں کراچی میں جب بارشیں شروع ہوں گی تو یہ سڑکیں سمندر کا منظر پیش کرنے لگیں گی اور ان کی زندگیاں مفلوج ہوکر رہ جائیں گی۔

اہل علاقہ نے گلہ کیا ہے کہ بارہا متعلقہ اداروں کو مسائل کی شکایات کی ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے قبل نہ صرف نالوں کی صفائی کرائی جائے، کچرا اٹھوایا جائے بلکہ سڑکوں کو بھی بہتر بنایا جائے۔