وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کچے میں ایک بڑا آپریشن شروع کرنے جارہے ہیں، ڈاکوؤں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کریں گے۔
سکھر میں آئی جی سندھ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کو موقع دیا جائے گا، کچے میں آپریشن کے لیے فی الحال فوج کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ڈاکو اپنے آپ کو چیمپئن سمجھتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز بھی آپریشن میں حصہ لے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں پنجاب پولیس کی بھی ضرورت پڑے گی، آئی جی سندھ کو آئی جی پنجاب سے بھی رابطے کا کہا ہے۔
ضیا لنجار نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، سندھ میں اب کہیں بھی حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے۔
ایک سوال پر وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ امید ہے بہت جلد جتوئی مہر تکرار بھی ختم ہوجائے گا، قبائلی جھگڑوں کے خاتمے کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔