• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور نجی یونیورسٹی واقعہ: طالبہ سے فون پر بات کرنے والا نوجوان شامل تفتیش

لاہور کی نجی یونیورسٹی میں دوسری منزل سے چھلانگ لگانے والی طالبہ کے کال ریکارڈ کی بنیاد پر ایک نوجوان کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

نجی یونیورسٹی کی طالبہ کے اقدام خودکشی کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے لڑکی کے موبائل کالز کی مزید تفصیلات حاصل کرلیں۔

تفتیشی ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک نوجوان کو شامل تفتیش کیا گیا ہے، لڑکے کا تفصیلی بیان ریکارڈ کرکے تفتیش آگے بڑھائی جائے گی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق لڑکی کی حالت بہتر ہونے پر تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

مبینہ اقدامِ خودکشی کرنے والی طالبہ لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے، اسپیشل میڈیکل بورڈ کے ارکان کی تعداد 4 سے بڑھا کر 7 کردی گئی ہے۔

جنرل اسپتال کے پرنسپل پروفیسر فاروق افضل کا کہنا ہے کہ سینئر ڈاکٹرز طالبہ کی مسلسل نگہداشت کر رہے ہیں، طالبہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔

یاد رہے کہ پیر کو لاہور کی نجی یونیورسٹی کی طالبہ نے عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کی کوشش کی تھی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ کو دماغ پر چوٹ آئی ہے اور اسکی کمر کی کچھ ہڈیوں اور گھٹنے میں فریکچر ہے، اس کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ واقعہ اسی نجی یونیورسٹی میں پیش آیا جہاں کے ایک طالبعلم محمد اویس نے تقریباً دو ہفتے پہلے چھلانگ لگا کر خودکشی کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید