• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارننگ شو کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضہ لیا کرتی تھی: مایا خان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ مایا خان نے مارننگ شو کے بھاری معاوضے اور اس میں آنے والی کمی سے متعلق عوام کو بتادیا۔

مایا خان کا شمار شوبز انڈسٹری کی کامیاب شخصیات میں ہوتا ہے، انہوں نے پی ٹی وی کے ڈرامے ’ایک محبت سو افسانے‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی، جبکہ انہیں اصل پہچان نجی ٹی وی کے مقبول مارننگ شو سے ملی۔

سال 2024 میں مایا خان نے ڈرامہ مائی ری کے ذریعے اسکرین پر واپسی کی، جس کے بعد کبھی میں کبھی تم میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا، حال ہی میں ڈرامہ سیریز بڑے بھائیّا میں کردار وانیہ کے لیے بھی انہیں ناظرین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی، اس کے علاوہ مایا خان ایک کامیاب کاروباری خاتون بھی ہیں اور اپنا ہربل برانڈ چلا رہی ہیں۔

حال ہی میں مایا خان نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، بھاری معاوضے اور وقت کے ساتھ اس میں آنے والی کمی پر کھل کر بات کی۔

مایا خان نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب میں مارننگ شو کے لیے 25 لاکھ روپے معاوضہ لیا کرتی تھی، اقرار الحسن، جو میرے بہت عزیز بھائیوں جیسے ہیں، اکثر تجسس میں پوچھتے تھے کہ آپ لوگ کتنی تنخواہ لیتے ہیں؟ پھر میری زندگی میں 2020 کا وہ وقت آیا جب میں نے صرف 4 لاکھ روپے میں ایک شو کرنے پر رضامندی ظاہر کی، اس لمحے مجھے یوں محسوس ہوا جیسے میں آسمان سے زمین پر آ گری ہوں، یہی میری حقیقت تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ہچکچاہٹ کا شکار تھی، لیکن پھر میں نے اللّٰہ سے دعا کی کہ وہ اس رقم میں برکت اور آسانی عطا کرے، کیونکہ یہ بھی اللّٰہ کی طرف سے ہی تھی، اللّٰہ چاہے تو تیس کو تیس کروڑ بھی بنا سکتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید