ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کینیڈا کیخلاف میچ میں افتخار احمد کو ڈراپ کیے جانے کا امکان

June 11, 2024

فائل فوٹو

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم آج نیویارک میں اپنے گروپ کا تیسرا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گی۔

پاکستان ٹیم کے حتمی 11 کھلاڑیوں کے حوالے سے ٹیم منیجمنٹ نے تاحال اطلاعات کے مطابق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آل راؤنڈر اور دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد ٹیم سے باہر ہوسکتے ہیں۔

33 سال کے افتخار احمد نے 66 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی 55 اننگز میں 14 بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 24.34 کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 998 رنز بنا رکھے ہیں۔

افتخار احمد ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکا کے خلاف 18 اور نیویارک میں بھارت کے خلاف صرف 5 رنز اسکور کرسکے تھے جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کینیڈا کے خلاف ان کی جگہ کپتان بابر اعظم صائم ایوب کو گیارہ رکنی ٹیم میں شامل کرسکتے ہیں۔

اس حوالے سے فیصلہ انتظامیہ گراؤنڈ پہنچ کر کرے گی۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں امریکا اور دوسرے میچ میں بھارت نے پاکستان کو ہرایا تھا۔