میدانِ عرفات کے روح پرور مناظر سوشل میڈیا کی زینت بن گئے

June 15, 2024


عازمین حج مناسک حج کے اگلے مرحلے کے سلسلے میں میدانِ عرفات میں موجود ہیں، جہاں سے روح پرور مناظر سوشل میڈیا کی زینت بن گئے ہیں۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا بھر سے مسلمان مناسک حج کی ادائیگی کے لیے مقدس شہروں مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ میں جمع ہیں۔

حج کے لیے سعودی عرب میں موجود عازمین نے گزشتہ شب منیٰ میں قیام کیا تھا، جس کے بعد آج حجاج کے قافلے کی صورت میں حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات پہنچیں رہے ہیں۔

تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر میدانِ عرفات سے مختلف ویڈیوز منظر عام پر آ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں میدانِ عرفات کے روح پرور فضائی مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، جبکہ ایک اور وائرل ویڈیو میں حجاج کو عرفات کے میدان میں نم آنکھوں کے ساتھ ربِ کائنات کے حضور اپنی دلی تمناؤں اور گناہوں سے معافی مانگتے ہوئے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ عازمین عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے، نماز ظہر اور عصر قصر کے ساتھ ادا کریں گے۔

مسجدالحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد خطبہ حج دیں گے، جس کا ترجمہ اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔

حجاج پورا دن میدانِ عرفات میں عبادت الہٰی اور دعائیں کرتے گزاریں گے اور غروب آفتاب ہوتے ہی حجاج مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔

حجاج مزدلفہ میں نماز مغرب اور عشاء قصر ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں ہی رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

واضح رہے کہ حج کی سعادت کیلئے دنیا بھر سے آئے 20 لاکھ عازمینِ حج میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی بھی شامل ہیں۔