بنگلادیش کے شہر کھلنا میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے رہنما محب الزمان پولنگ سینٹر میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی این پی نے جماعت اسلامی کے کارکنان پر محب الزمان کو دھکا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
بی این پی کے مطابق دھکا لگنے سے 60 سالہ رہنما گر گئے، جس سے ان کے سر پر چوٹ آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محب الزمان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے رہنما محبوب الرحمان نے بی این پی کے الزامات کی تردید کردی۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق محبوب الرحمان کا کہنا ہے کہ بی این پی والے ہماری خواتین کو پولنگ اسٹیشن سے نکال رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے مداخلت کی، اسی دوران ہنگامہ آرائی میں ایک شخص کی طبیعت خراب ہوگئی، بعد میں معلوم ہوا کہ وہ انتقال کر گئے، کوئی دھکا یا تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا۔