سندھ حکومت نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا، کرن بلوچ

June 16, 2024

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نےکہا ہے کہ ہماری پارٹی کی سیاست کا مقصد عوامی ترقی ، فلاح و بہبود ہے، عوام سے ہمیشہ رابطہ قائم رہے گا، مسائل و مشکلات میں کمی کے اقدامات اولین ترجیح ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے سندھ حکومت کو صوبے کا شاندار اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر بجٹ برائے مالی سال 2024-25 میں صوبائی حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے مختلف منصوبے لائی ہے، جس سے عوام کو بجلی کی فراہمی سمیت تمام شعبہ جات میں ریلیف ملے گا ،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے عوام دوست بجٹ نے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت بھی بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرے گی۔صوبائی حکومت صوبائی بجٹ میں تعلیم و صحت سمیت تمام امور پر بھرپورمحنت کررہی ہے، پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات کاخاتمہ کیاجاسکے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ہی عوامی ترقی و فلاح ہے، پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی عوام کے بنیادی مسائل پر رکھی گئی تھی جس پر آج بھی قائم و دائم ہیں۔