سینئر وکیل کیساتھ پولیس رویئے کا نوٹس لیا جائے‘ کوئٹہ بار

June 16, 2024

اکوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل جعفر رضا خان کے ساتھ قائد آباد پولیس کے ناروا رویئے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور آئی جی پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر عید کے بعد اجلاس بلاکر آئندہ کا لائحہ عمل طے اور احتجاج کریں گے ۔یہ بات انہوں نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قائد آباد پولیس نے سینئر وکیل جعفر رضا کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے گھر کے سامنے سے ان کی گاڑی زبردستی اٹھائی تمام قانونی دستاویزات پیش کرنے کے باوجود گاڑی اور انہیں تھانے لے جاکر بلاجواز حراست میں ر کھا جس کی مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ میں ہمارے ساتھی وکلاء نصیب اللہ ایڈووکیٹ ، حمید اللہ ایڈووکیٹ ، وارث محمود ایڈووکیٹ ، احمد نسیم کے خلاف لیویز تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا اس کی بھی مذمت اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تحقیقات کراتے ہوئے مذکورہ وکلاء کے نام ایف آئی آر سےنکالے جائیں۔