عید قرباں ہو اور باربی کیو پارٹی نہ ہو، ناممکن

June 17, 2024

--- فائل فوٹو

بچے ہوں یا بڑے، سارا سال بے چینی سے عیدِ قرباں کے منتظر ہوتے ہیں کہ قربانی کے گوشت سے تیار ہونے والے لذیز، چٹخارے دار پکوان سے لطف اندوز ہوسکیں۔

یوں تو اس عید کے موقع پر قورمہ، بریانی، پلاؤ، کباب، نہاری، کڑاہی، پائے وغیرہ سے تو دسترخوان سجتے ہی ہیں لیکن باربی کیو پارٹیز کا سلسلہ تو کئی ہفتوں تک چلتا رہتا ہے، جس میں چھوٹے، بڑے سب ہی مزے کرتے ہیں۔

اس عید کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے چند چٹ پٹی باربی کیو کی تراکیب سے، آپ کے لیے پیش کی جارہی ہیں۔


ران روسٹ

--- فائل فوٹو

اجزاء:

بکرے کی ران 1 عدد، ٹماٹر 6 عدد (بڑے)، پیاز 3 عدد، ہری مرچیں 7 عدد، ادرک لہسن کا پیسٹ 4 کھانے کے چمچ، کُٹی ہوئی لال مرچ حسبِ ذائقہ، نمک حسبِ ذائقہ، کشمیری مرچ پاؤڈر 2 چائے کے چمچ، لیموں کا رس ½ کپ، دہی 1 کپ، باربی کیو مسالا 1 پیکٹ، تیل ½ کپ، ہلدی 1 کھانے کا چمچ، یخنی 1 کپ، فوائل بیکنگ کے لیے۔

ترکیب:

بکرے کی ران کو اچھی طرح دھو کر اس میں گہرے کٹ لگا کر رکھ لیں۔

پھر ٹماٹر، پیاز اور ہری مرچیں پیس کر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، دہی، باربی کیو مسالا، کشمیری لال مرچ، کُٹی ہوئی مرچ، ہلدی اور لیموں کا رَس مکس کرکے ران پر اچھی طرح لگائیں کہ مسالا کٹس کے اندر تک پہنچنا چاہیے۔

پھر اسے کم از کم ایک دن کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

بیک کرنے سے پہلے یخنی سے تر کرکے فوائل میں اچھی طرح لپیٹیں اور 450 ڈگری پری ہیٹڈ اوون میں ایک گھنٹے تک بیک کریں۔

گول کَٹی ہوئی پیاز اور ہری مرچوں سے گارنش کرکے گرما گرم پیش کریں۔

بیف تکّہ بوٹی

--- فائل فوٹو

اجزاء:

گائے یا بکرے کا گوشت ½ کلو، گرم مسالا 1 چمچ، ادرک ¼ چھٹانک، پسا ہوا دھنیا 1 چائے کا چمچ، سفید زیرہ 1 چائے کا چمچ، دہی 1 کپ ، نمک حسبِ ذائقہ، پسی ہوئی لال مرچ 1 کھانے کا چمچ، ادرک لہسن کا پیسٹ 1 کھانے کا چمچ، لیموں کا رس ½ پیالی، تیل حسبِ ضرورت، سیخیں اور کوئلے۔

ترکیب:

گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے اُبال لیں۔

اب تمام مسالے، ادرک، لہسن کا پیسٹ اور لیموں کا رس، دہی میں شامل کرکے اچھی طرح مکس کرکے بوٹیوں پر لگا کر قریباً ½ گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اس کے بعد بوٹیوں کو سیخوں میں پرو کے کوئلوں پر سینک لیں، ساتھ حسبِ ضرورت تیل بھی لگاتی رہیں۔

کٹی ہوئی پیاز اور سلاد کے ساتھ پیش کریں۔


کشمیری سیخ کباب

--- فائل فوٹو

اجزاء:

گائے کا قیمہ 1 کلو، انڈے 2 عدد، سونف پسی ہوئی 1 چائے کا چمچ، لال مرچ 1 چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ادرک کا پیسٹ 1 چائے کا چمچ، دار چینی پاؤڈر ½ چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، پیاز 1 عدد، سوکھا پودینہ 1 کھانے کا چمچ، مکھن 2 کھانے کے چمچے

ترکیب:

قیمے میں تمام مسالے ڈال کر پیس لیں۔

اس میں کٹی پیاز، انڈے اور 2 کھانے کے چمچے مکھن ڈال کریک جا کریں۔

انہیں سیخوں میں لگا کر کوئلوں پر سینک لیں۔ چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔


بہاری ملائی تکہ بوٹی

--- فائل فوٹو

اجزاء:

گائے کا گوشت ½ کلو کلو، نمک حسبِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ¼ چائے کا چمچ، لال مرچ 1 چائے کا چمچ، کباب چینی یا پیپری ½ چائے کا چمچ، دہی1 کپ، خشخاش پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، سفید زیرہ ½ چائے کا چمچ، ثابت دھنیا 1کھانے کا چمچ، فریش کریم 4 کھانے کے چمچ، کالی مرچ (پسی ہوئی) ½ چائے کا چمچ، پسا ہوا گرم مسالا ½ چائے کا چمچ، کوئلہ 1 عدد

ترکیب:

گوشت میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

اب اسے 2 گھنٹے کے لیے رکھ دیں اور پھر اسے پانی خشک ہونے تک پکائیں۔

اب اس میں کوئلے کا دھواں دیں، آپ کی لذیذ بہاری ملائی تکہ بوٹی تیار ہے۔