قربانی کے بعد مکھیوں سے نجات کیسے؟

June 18, 2024

--- فائل فوٹو

عیدِ قرباں پر جہاں امورِ خانہ داری کی ذمے داریاں بڑھ جاتی ہیں، وہیں معاشرے کے ذمے دار شہری ہونے کے ناتے ماحول کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا بھی ہماری ذمے داری ہے۔

ایسے میں اگر حفظانِ صحت کے اصولوں کا خیال نہ رکھا جائے تو ناصرف ماحول تعفّن زدہ ہوتا ہے بلکہ جراثیم کی افزائش کا سبب بھی بنتا ہے، جو بعد ازاں مختلف بیماریوں کی وجہ بنتا ہے۔

یہ دیکھا گیا ہے کہ بقر عید کے بعد گھر میں گوشت کے آتے ہی مکھیوں، مچھروں اور دیگر حشرات الارض کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے، تاہم تھوڑی سی احتیاط اور چند حفاظتی تدابیر کے ساتھ ان سے بچا جا سکتا ہے۔

یوں تو مکھیوں اور حشرات الارض سے نجات کے لیے بازار میں مختلف اقسام کی مصنوعات دستیاب ہیں، مگر ان کا زائد استعمال انسانی صحت کے لیے مضر ہو سکتا ہے۔

اس لیے چند ایسے کارآمد اور آزمودہ گھریلو نسخے بتا رہے ہیں جن پر عمل کر کے گھر کو کیڑے مکوڑوں سے پاک رکھ سکتے ہیں۔

مکھیوں سے نجات کے لیے اپنے کھانا رکھنے کی جگہ کو صاف رکھیں اور غیر استعمال شدہ کھانے کو المونیم فوائل سے ڈھانپ کر رکھیں، شکر، آٹے، مسالوں جیسے خشک اجزاء کو سیل پیک پلاسٹک یا پھر ایئر ٹائٹ جار میں رکھیں۔

مکھیوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے گھر پر ہی برتن دھونے والے صابن کا چوتھائی حصہ پانی میں ملا کر محلول تیار کر لیں اور اسپرے بوتل میں ڈال دیں۔

اس اسپرے کا استعمال مکھیوں کی تعداد کم کرنے میں بہت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

لیموں پر کالی مرچ لگا کر اس کو بھی گھر کے کونوں میں رکھ لیجیے، پھر مکھیاں یہاں کا رخ نہیں کریں گی۔

چونٹیوں سے نجات کے لیے جہاں چونٹیوں کی قطار نظر آئے اس جگہ پر بورک ایسڈ یا بوریک پاؤڈر چھڑک دیں، بورک ایسڈ میں تھوڑا آٹا اور شکر کو آپس میں ملا کر چیونٹیوں کے گھونسلوں کے قریب چھڑک دیں، بورک ایسڈ بڑی تیزی سے ان کے تمام گھونسلوں کا صفایا کر دے گا۔

حشرات الارض کو بھگانے کے لیے سرکے کا استعمال کار گر سمجھا جاتا ہے، سفید سرکے کو پانی میں ملا کر محلول تیار کر لیں، اب اس محلول کو اسپرے بوتل کی مدد سے گھر کے ان مقامات میں چھڑکیں، جہاں پر کیڑے مکوڑوں نے اپنا بسیرا کیا ہوا ہو، سرکے اور پانی کے چھڑکاؤ کی بو حشرات کو بھگانے میں مفید ثابت ہوتی ہے۔

پانی میں لیموں اور مالٹے کا رس ملائیں اور اسے اسپرے بوتل میں ڈالیں اور گھر کے اندرونی حصے میں مختلف جگہ بالخصوص باورچی خانے میں اس کا چھڑکاؤ کریں، اس سے گوشت کی بو ختم ہو گی اور گھر کے اندر بھینی بھینی خوشبو بھی پھیلے گی جو حشرات الارض سے نجات کا سبب بنے گی۔

حشرات الارض سے نجات حاصل کرنے کے لیے باورچی خانے میں پودینہ رکھا جا سکتا یا پھر اگر بتیوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کی خوشبو سے بھی حشرات الارض میں کمی لائی جا سکتی ہے۔