کراچی: سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے بال نہ کٹوانے والے شہری عید کے دن لٹ گئے، ویڈیو وائرل

June 18, 2024

کراچی میں سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے 10 دن بال نہ کٹوانے، خط نہ بنوانے اور شیو نہ کروانے والے شہری عیدالاضحیٰ کے دن نائی کی دکان پر لٹ گئے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں نائی کی دکان سے 3 مسلح ڈاکو 96 ہزار روپے، 3 موبائل فون سمیت دیگر اشیاء لوٹ کر فرار ہو گئے۔

گزشتہ روز ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آ گئی۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے دکان میں موجود نائی اور شہریوں سے بھی لوٹ مار کی۔

متاثرین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس روایتی بے حسی کرتے ہوئے ہمیشہ کی طرح دیر سے پہنچی۔

واردات کے دوران مسلح ملزمان کو گاہکوں اور کاریگروں پر تشدد کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔