انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کی درگت بنا دی، 8 وکٹ سے کامیاب

June 21, 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔و یسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے بیٹرز فل سالٹ اور جونی بیئرسٹو کی 44 گیندوں پر 97 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی مدد سے 18 ویں اوور میں ہی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ فل سالٹ نے 47 گیندوں پر 5 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 87 رنز جبکہ جونی بیئرسٹو نے 26 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔ انگلش اوپنر فل سالٹ نے ویسٹ انڈین بولر روماریو شیفرڈ کی درگت بناتے ہوئے ان کے اوور میں 30 رنز حاصل کیے۔ روماریو شیفرڈ 16 واں اوور کرانے آئے جو ان کے کوٹے کا دوسرا اوور تھا اور پہلے اوور میں انہوں نے صرف 11 رنز دیے تھے۔ پہلی گیند پر چوکا لگانے کے بعد دوسری بال پر چھکا لگایا۔ تیسری بال کو وکٹ کیپر کے سر پر سے اٹھا دیا جو چوکے کیلئے باؤنڈری پار کر گئی۔ پھر لگاتار دو چھکے اور آخری گیند پر چوکا رسید کیا۔ تاہم یہ اوور شیفرڈ اور ویسٹ انڈین ٹیم کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا کیونکہ فل سالٹ نے اوور میں تین چوکے اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔فل سالٹ کو بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ جانسن چارلس نے 38، نکولس پورن اور کپتان رومین پاول نے 36، 36 جبکہ شرفین ردرفورڈ نے 28 رنز بنائے۔ برینڈن کنگ 23 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی، جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیونگ اسٹون نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ جواب میں انگلینڈ کے اوپنرز فل سالٹ اور جوز بٹلر نے 67 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، لیکن اس موقع پر کپتان 25 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔ ویسٹ انڈیز کو جلد ہی دوسری کامیابی مل گئی، جب معین علی صرف 13 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں گروپس سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔