عیدالاضحی، یوسی 12 میں بہترین صفائی پر عملہ کیلئے 50 ہزار انعام کا اعلان

June 23, 2024

پشاور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پشاور سٹی کے سینئر نائب صدر اور ڈسٹرکٹ کونسل پشاور کے سابق رکن ہدایت اللہ خلیل نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات اور بے مثال کارکردگی پر یونین کونسل 12کے میونسپل انسپکٹر قیصر خان باچا اور عملہ صفائی کیلئے50 ہزار روپے انعام کا اعلان کردیا ہے جبکہ زون بی کے منیجر طارق عزیز کی کارکردگی کو بھی قابل ستائش قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنما ہدایت اللہ خان خلیل نے کہا ہے کہ ایم آئی یوسی 12 قیصر باچا نے عید قربان کیلئے صفائی کا بہترین پلان تیار کیا تھا جس پر نہ صرف وہ بلکہ اہل علاقہ ان کے کارکردگی کی تعریف کررہے ہیں، قیصر باچا اور ان کا عملہ عید کے تینوں دن صبح6سے رات12 بجے تک صفائی آپریشن میں مصروف رہے ، ان کی غیر معمولی کارکردگی کے پیش نظر اہل علاقہ نے ایم آئی یوسی 12اور ان کے عملہ کیلئے پچاس ہزار روپے بطور انعام جمع کئے ہیں جو ان کے حوالے کئے جائیں گے، انہوں نے عیدالاضحی پر صفائی کی بہترین منصوبہ بندی پر زون بی کے منیجر طارق عزیز کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔