خیبر پختونخوا کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، مزمل اسلم

June 27, 2024

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبہ کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر کوئی دوسرا ٹیکس لگانے کی بجائے ان کا پراپرٹی ٹیکس بھی کم کردیا ہے۔سندھ حکومت کے بجٹ 2024-25 میں پرائیویٹ ہسپتالوں اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے سیلز ٹیکس پر ردعمل دیتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے رواں بجٹ میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں پر 15 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا پراپرٹی ٹیکس بھی کم کر دیا ہے اور پرائیوٹ سکولز پر کسی قسم کا دوسرا ٹیکس نہیں لگایا گیا بلکہ اس کی مخالفت کی ہے، مشیر خزانہ خیبرپختونخوانے کہا کہ سندھ حکومت نے رواں بجٹ میں پرائیویٹ ہسپتالوں پر 15 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر نے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرائیویٹ ہسپتالوں پر 66 فیصد رینٹل ٹیکس بھی کم کیا ہے، فارم 45 اور فارم 47 کی صوبائی حکومتوں میں یہی فرق ہوتا ہے۔