مولانا فضل الرحمٰن سے بات چیت جاری، آپریشن عزمِ استحکام پر مؤقف لیکر چل رہے ہیں: اسد قیصر

June 27, 2024

اسد قیصر—فائل فوٹو

رہنما پی ٹی آئی و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مولانا فضل الرحمٰن سے بات چیت جاری ہے، اس وقت عزمِ استحکام آپریشن سے متعلق اپنے مؤقف کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

یہ بات رہنما پی ٹی آئی و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشاور سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے، مذاکرات سے متعلق کمیٹی میٹنگز ہونے کے بعد پیش رفت بتائیں گے۔

اسد قیصر نے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ غیر ذمے دارانہ نقطۂ نظر رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی سے متعلق رانا ثناء اللّٰہ کے بیان کی مذمت کرتا ہوں، رانا ثناء نے کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف مزید کیسز بنائے جا سکتے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا یہ بھی کہنا ہے کہ دنیا کے سامنے ثابت ہو گیا کہ جو ہو رہا انتقامی کارروائی ہے، ہمیں صرف عدالتوں سے اُمید ہے۔