ٹرین کے سامنے آکر بچی کو بچانے کا کہہ کر ہیرو بننے والے کا بھانڈا پھوٹ گیا

June 29, 2024


کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن میں چمن ٹرین کے سامنے آکر بچی کو بچانے کا کہہ کر ہیرو بننے والے اسکول ٹیچر کا پھانڈا پھوٹ گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج سے خود کشی کی کوشش معلوم ہونے پر پولیس نے ٹیچر عامر غوری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن کے ریلوے کراسنگ پر 25 جون کو شہید شفیق احمد خان اسکول کے ٹیچر عامر غوری چمن جانے والی ٹرین کی زد میں آکر زخمی ہوئے، ٹرین کی ٹکر سے ایک پاؤں اور ہاتھ کٹ جانے سے وہ معذور ہوگئے تھے۔

عامر غوری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ ایک بچی کو بچاتے ہوئے ٹرین کے سامنے آئے۔ ان کا مؤقف سامنے آنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نہ صرف اسپتال جا کر ٹیچر کی عیادت کی بلکہ ان کا علاج کراچی کے نجی اسپتال میں کروانے اور اہلیہ کو ملازمت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

تاہم گذشتہ روز حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا سکتا ہے کہ عامر غوری خود کشی کی نیت سے بھاگ کر ٹرین کے سامنے آتے ہیں اس وقت وہاں کوئی بچی موجود نہیں تھی۔

فوٹیج سامنے آنے کے بعد بجلی روڈ تھانے کی پولیس نے ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کی مدعیت میں عامر غوری کی خلاف خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔