ایکنک اجلاس میں 19 منصوبے منظور کرلیے گئے

June 29, 2024

قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی ایکنک اجلاس میں 19 منصوبے منظور کرلیے گئے۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث اجلاس میں خزانہ اور منصوبہ بندی کےوزرا، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں تجویز کردہ 21 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا گیا جبکہ19 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کی تعمیرنو اور بحالی تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کے 400 ملین ڈالرز فنڈز سے انٹیگریٹڈ فلڈ ری سیلینس پروگرام کے 4 ذیلی اجزاء کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق پی ایس ڈی پی25-2024 میں بلوچستان میں تعمیر نو کے منصوبوں کےلیے11 اعشاریہ2 ارب روپے مختص کیےگئے۔

اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ اعلیٰ معیار یقینی بناتے ہوئے بلوچستان میں تعمیر نو کی سرگرمیاں تیز تر کی جائیں۔

اجلاس میں فورم کی جانب سےسندھ میں شروع کیے گئے متعدد منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی، منصوبوں میں 296 ارب روپے کی لاگت سے نظرثانی شدہ فلڈ ریسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پروجیکٹ بھی شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق پروجیکٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے 50 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

ایکنک اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ڈی پی25-2024 میں سندھ میں مکانات کی تعمیر کےلیے30 ارب روپےمختص کیے گئے ہیں۔