امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، پنجاب اسمبلی کی قرارداد

June 29, 2024

پنجاب اسمبلی نے امریکی قرارداد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔

پنجاب اسمبلی میں حکومت رکن احسن رضا خان کی امریکی کانگریس کی قرار کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔

قرارداد کے متن کے مطابق امریکی قرارداد پاکستان کےاندرونی معاملات میں مداخلت ہے، امریکی کانگریس کی قرارداد پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات کی عکاس نہیں۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ امریکی قرارداد پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے، پاکستان کے عام انتخابات کو اس قرارداد کے ذریعے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔

پنجاب اسمبلی سے منظور کی گئی قرارداد کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان جمہوری اقدار کا پاسدار ہے اور تمام ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں۔

متن میں کہا گیا کہ امریکی قرارداد یہودی لابی کی طرف سے لائی گئی، پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی کو اس قرارداد میں غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں جمہوریت کے حوالے سے شعور رکھتی ہیں۔

قرار داد میں کہا گیا کہ امریکی کانگریس کو دوسروں کے امور میں مداخلت کے بجائے فلسطین اور کشمیر کی حمایت کرنی چاہیے۔