شمالی کوریا نے لاؤڈ اسپیکر نشریات پر جنوبی کوریا کو خبردار کردیا

June 29, 2024

پیانگ یانگ /سیؤل (نیوزڈیسک)شمالی کوریا کی بااثر خاتون اور حکومتی سربراہ کم جونگ اُن کی بہن نے جنوبی کوریا کو لاؤڈ اسپیکر سے نشریات چلانے پر نئے جواب سے خبردار کردیا۔اپنے تازہ بیان میں کم جونگ اُن کی بااثر بہن نے جنوبی کوریا کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے لاؤڈ اسپیکر سے نشریات جاری رکھیں تو انہیں نئے ردعمل کے لیے تیار رہنا ہوگا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے ذریعے انہوں نے کہا کہ یقیناً جنوبی کوریا کا اقدام اب نئے ردعمل کا مشاہدہ کرے گا۔لاؤڈ اسپیکر نشریات کا حوالہ دیتے ہوئے کم یو جونگ کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت ہی خطرناک صورتحال کا پیش خیمہ ہے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے گزشتہ روز سے شمالی کوریا کی سرحد پر دوبارہ لاؤڈ اسپیکر سے نشریات شروع کردی ہیں۔جنوبی کوریا کی فوج کے مطابق لاؤڈ اسپیکر نشریات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ ایک نفسیاتی جنگ کی شکل کے طور پر کیا گیا ہے۔اس حوالے سے جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ انہوں نے پیانگ یانگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ بند کرے۔یاد رہے کہ شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل اور سرحدی علاقوں میں کچرے سے بھرے غبارے بھیجنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔