کوونٹری میں مسلم ریسورس سنٹر کے زیر اہتمام گپ شپ روم کا افتتاح

July 01, 2024

کوونٹری ( وقار ملک ) مسلمانوں کے مسائل اور ان کے دکھ سُکھ میں مدد و گائیڈنس فراہم کرنے والا ادارہ مسلم ریسورس سنٹر پچھلے چند برسوں سے اپنی نئی سوچ اور جدت سے سرگرم عمل ہے ۔ادارے نے باالخصوص نوجوانوں اور خواتین کیلئے نت نئے منصوبوں کا آغاز کیا اور نوجوان طبقے کو متحرک کیا۔گزشتہ روز مسلم ریسورس سنٹر نے 60سال سے زائدعمر کے مرد وخواتین کیلئے گپ شپ روم کا آغاز کیا جس سے وہ افراد مستفید ہو سکیں گے جو اپنے خاندان، دوستوں اور اہل خانہ سے دور ہیں، جنہیں ذہنی تازگی کا ملنا دشوار ہے جو اپنے دکھ سُکھ کسی سے شیئر نہیں کر سکتے۔ گپ شپ روم کا افتتاح کاروباری شخصیت احمد علی منہاس نے کیا۔انہوں نے کہا کہ نفسا نفسی کے اس دور میں ایک دوسرے کا خیال رکھنا ہی اصل عبادت ہے، انھوں نے کہا کہ رنگ ونسل کے امتیاز کو بالائے طاق رکھ کر اور دین و مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت او رمجبور ولا چار لوگوں کی مدد کرنا مسلم معاشرے کی خوب صورت روایت اور اسلامی تعلیمات کا اہم شعبہ ہے، یہی وہ وصفِ خاص ہے جو مذہب ِ اسلام کو ادیان ِ عالم میں ممتاز کرتا ہے۔انھوں نے مسلم رسورس سنٹر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انھوں نے عوام کی خدمت کے لیے نئے کارنامے انجام دیئے ہیں۔ سنٹر کے چیئرمین غلام شبیر نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر کسی بھی منصوبے پر کام کرنا مشکل ہوتا ہے ،آج سینٹر جس کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے اس میں عوام کا تعاون محبت شامل ہے۔ مسلم ریسورس سنٹر کے روح رواں اور سیکرٹری راجہ ضیاء خان نے کہا کہ اسلام عمر رسیدہ افراد کو زندگی کی سہولتوں کی فراہمی میں ترجیح کا حق فراہم کرتا ہے اور یہی ہمارا مقصد ہے کہ اپنی نوجوان نسل کو زندگی میں کامیابی اور بزرگوں کی عزت و تکریم کرنے کا درس دیں ۔مسلم ریسورس سنٹر نے ایسے منصوبے بنائے ہیں جس سے نوجوان صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں اور ہم پرامن معاشرہ قائم کریں۔ انھوں نے کہا کہ گپ شپ روم خواتین اور مردوں کے لیے مختلف اوقات میں کھولا جائے گا خواتین کا وقت اور دن مقرر ہو گا تاکہ پردے کا مناسب انتظام ہو اور خواتین دوسری خواتین سے بلا خوف و خطر ملاقات کریں اور اپنے مسائل پر گفتگو کریں اور خوش گپیوں سے ذہنی تازگی حاصل کریں ۔ کونسلر پرویز خان، حاجی مبارک کیانی ،راجہ شیراز ،سردار نذیر سدھن، راجہ بلال، راجہ فرحان کیانی نے کہا کہ گپ شپ سنٹر اہم پیش رفت ہے جس سےہمارے بزرگ استفادہ حاصل کریں گے اور ایک دوسرے کا دکھ سکھ بانٹیں گے ۔