کنزرویٹو پارٹی نےکا روباری افراد کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں، رچرڈ ہالڈن

July 01, 2024

لندن (پ ر) کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین رچرڈ ہالڈن اور کونسلر قیصر عباس گوندل نے بیزلڈن کے علاقے میں کیفے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ساؤتھ بیزلڈن و ایسٹ تھرک کے ایم پی کے امیدوار سٹیفن میٹکالف اور باکسنگ چیمپئن ایمانسیو پراسچیف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب میں کاروباری و سماجی شخصیات خرم عباسی ٹونی، بدر چوہدری، ثاقب علی، چوہدری دلپزیر، شیخ جاوید، طلحہ بلال ایڈووکیٹ، شاہ سلطان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ کنزرویٹو پارٹی کے چیئرمین رچرڈ ہالڈن کا کہنا تھا کہ کنزرویٹو پارٹی کاروبار کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور کا روباری افراد کے فائدے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ ہماری حکومت مختلف کمیونٹیز اور مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ کونسلر قیصر عباس گوندل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ برٹش پاکستانی برطانیہ کی معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،کنزرویٹو پارٹی کو مسائل کا ادراک ہے اور ان کو حل کرنا بھی جانتی ہے، کوویڈ کے مشکل حالات میں بھی عوام اور کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کروائی گئیں۔ اس موقع پر عاطف چوہدری نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا ہم برٹش پاکستانی کاروبار کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کو روز گار بھی فراہم کر رہے ہیں، میں مہمانوں کی آمدکا مشکور ہوں۔